بھارتی فلم اینیمل میں کام کرنے والی پاکستانی اداکارہ کون؟

ممبئی : بھارتی فلم ‘اینمل’ ایک عجیب و غریب تخلیق تھی، ایک ایسی فلم جس میں نہ کوئی اسکرپٹ تھا اور نہ کوئی کہانی، بلکہ بے مقصد ایکشن اور خواتین سے نفرت کی بھرمار تھی۔
کچھ لوگ یہ نہیں جانتے کہ اس فلم میں ایک پاکستانی اداکارہ نے بھی چھوٹا سا کردار ادا کیا تھا، جسے سندیپ ریڈی نے ڈائریکٹ کیا تھا۔
ڈیجیٹل نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی اداکارہ شافینہ پٹیل شاہ سے بات کی، جنہوں نے فلم ‘اینمل’ میں اداکار بوبی دیول کی دوسری بیوی کا کردار نبھایا۔
انہیں پہلے بوبی دیول کے کردار کی تیسری بیوی کا کردار آفر کیا گیا تھا، جسے بالآخر بھارتی اداکارہ مانسی ٹکساک نے ادا کیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں فلم میں یہ کردار کیسے ملا، تو انہوں نے کہا، “ایک دن مجھے ایک پیغام موصول ہوا جس میں ایک بھارتی فلم کے کردار کے لیے آڈیشن دینے کا کہا گیا تھا۔”
انہوں نے مزید بتایا، “پچھلے سال میں پاکستان کے شہر پشاور میں تھی جب مجھے ایک پیغام ملا کہ ایک بالی ووڈ فلم میں کردار ہے، کیا آپ یہ کردار ادا کریں گی؟”
انہوں نے مزید کہا، “میں نے پیغام کا جواب دیا کہ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے اور میں یہ کردار ادا کر لوں گی۔”
انہوں نے کہا، “میں نے آڈیشن ٹیپ بھی بھیجی تھی اور ایک ہفتے تک کوئی جواب نہیں آیا۔ پھر ایک دن مجھے جواب ملا کہ آپ کو اس کردار کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔”
انہوں نے بتایا، “میں نے بوبی دیول کے کردار ابرار حق کی تیسری بیوی کے کردار کے لیے آڈیشن دیا تھا، لیکن مجھے دوسری بیوی کا کردار ملا۔”

فلم میں شامل فارسی گانا ‘جمال جمالو’ بھارت اور پاکستان دونوں میں بہت مقبول ہوا۔ تاہم، اس گانے کی فلمبندی کے دوران ایک عجیب واقعہ پیش آیا۔
شافینہ نے بتایا، “جب ہم ‘جمال جمالو’ کی شوٹنگ کر رہے تھے، تو بوبی دیول کے ساتھ ایک سین تھا جس میں شادی کے دن وہ اپنے مخبر کی آنکھیں نکال دیتا ہے۔ اس سین میں بہت سارا نقلی خون استعمال ہوا۔ فلمبندی کے دوران ایک جونیئر کاسٹ کی لڑکی بے ہوش ہو گئی۔ شکر ہے وہ اب ٹھیک ہے، لیکن ہم سب یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔ فلم ‘اینمل’ کو بھی اپنے پرتشدد مناظر پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں