اسلام آباد: بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اسلام آباد میں منقعد شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر دہلی سے خصوصی طیارے میں پاکستان کیلیے روانہ ہوئے تھے،بھارتی ایئر فورس کا خصوصی طیارہ ساڑھے 3بجے نور خان ایئربیس پر لینڈ کیا۔معزز مہمان کو بچوں نے گلدستے بھی پیش کیے۔
کرغزستان کے وزیراعظم ژاپاروف اکیل بیک ایس سی او کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے، جہاں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ سول وفوجی حکام نے نورخان ائربیس پر مہمان کا ریڈکارپٹ استقبال کیا۔استقبال کے موقع پرروایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کوگل دستے پیش کیے جب کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان خیرسگالی کے کلمات کااظہاربھی کیا گیا۔
کرغزستان کے وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کاوفد بھی ہے، جس میں معیشت اورتجارت کے وزیر، نائب وزیرخارجہ اورایس سی او کے لیے نائب رابطہ کاربھی شامل ہیں۔ اس موقع پرپاکستان میں کرغزستان کے سفیر اورسفارت خانے کے دیگراعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔
دریں اثنا بیلا روس کے وزیراعظم بھی ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ان کا استقبال کیا۔ اسی طرح قزاقستان کے وزیر اعظم بھی پہنچ گئے، وفاقی وزیر علیم خان نے ان کا استقبال کیا۔