بھارتی پنڈت کا 4 بچوں کی پیدائش پر ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان

بھارتی پنڈت اور ریاست مدھیہ پردیش کے پرشورام کلیان بورڈ کے چیئرمین وشنو راجوریا نےبرہمن برادری کے جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کیلئے انعام دینے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وشنو راجوریا نے اندور میں نوجوانوں اور خواتین کے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران اعلان کیا کہ’ دوسرے مذہبوں کے لوگوں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے لہٰذا نوجوانوں کو اقدامات کرنے چاہئیں، مجھے نوجوانوں سے بہت امیدیں ہیں، نوجوانوں کو غور سے سننا چاہیے کہ آنے والی نسل کا تحفظ آپ کے ہاتھ میں ہے‘۔
راجوریا نے شادی شدہ جوڑوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ’ہرجوڑا 4 بچے پیدا کرے جس پر پرشورام کلیان بورڈ کی جانب سے انہیں ایک لاکھ بھارتی روپے انعام دیا جائے گا، چاہے میں مستقبل میں بورڈ کا صدر رہوں یا نہ رہوں، جوڑوں کو انعام ملتا رہے گا‘۔
راجوریا کے اعلان پر بھارت میں ایک تنازع کھڑا ہوگیا ہے، اس حوالے سے محکمہ سماجی بہبود سے منسلک ایک اہلکار نے راجوریا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راجوریا کا بیان صرف ایک اعلان تھا جو ریاستی حکومت کی پالیسی کے خلاف ہے ۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش سول سروسز کے قوانین کی رو سے سرکاری نوکری کیلئے صرف وہی افراد اہل ہیں جن کے دو یا اس سے بھی کم بچے ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں