بھارت نے ویرات کوہلی کی سنچری کی بدولت پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 241 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بھارت کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے شاندار آغاز کیا اور ویرات کوہلی کی زبردست بیٹنگ کی بدولت 42 اعشاریہ 3 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔

ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف ون ڈے کرکٹ میں 14 ہزار رنز مکمل کیے بلکہ اپنی 51 ویں سنچری بھی بنائی۔

پاکستان کے پاس شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد کی موجودگی کے باعث بھارتی بیٹرز پوری اننگز میں چھائے رہے۔ اننگز کا جارحانہ آغاز کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے کیا اور 4 اوورز میں ہی ٹیم کا اسکور 31 رنز تک پہنچا دیا۔

ایسے میں روہت شرما شاہین آفریدی کی 143 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اندر آتی ہوئی یارکر کی بدولت کلین بولڈ ہوگئے، انہوں نے 15 گیندوں پر 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔

جس کے بعد پاکستانی اسپنر ابرار احمد کی جادوئی کیرم بال نے خطرناک نظر آتے شبمن گل کو چلتا کیا، شبمن گل 100 کے مجموعے پر بھارت کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔

اس کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے کیلئے شیریاس ایئر آئے اور دونوں نے 114 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت ٹیم کا اسکور 214 رنز تک پہنچا دیا، بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شریاس تھے جو 56 رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد ہاردک پانڈیا بھی 223 کے مجموعے پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے آخری لمحات میں توجہ صرف بھارت کی جیت پر نہیں بلکہ ویرات کوہلی کی سنچری پر مرکوز ہوگئی۔ اکشر پٹیل نے ایک آسان 2 رنز لینے سے انکار کردیا تاکہ کوہلی اپنی سنچری مکمل کر سکیں، دبئی کے شائقین نے اس لمحے کا بھرپور لطف اٹھایا۔

بھارت کو جیت کےلیے 12 رنز درکار تھے اور کوہلی کو اپنی سنچری کےلیے بھی اتنے ہی رنز چاہیے تھے۔ اسٹیڈیم میں ’کوہلی، کوہلی‘ کے نعرے گونج رہے تھے، ایسے میں بھارتی بیٹر نے خوشدل کی گیند پر ایک زبردست شارٹ کھیلتے ہوئے چوکا مار کر اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے فاتحانہ اننگ کا خاتمہ کیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں