راجہ نوید
ہمارے جسم میں خون کا مناسب مقدار میں موجود ہونا اور صحت مند خون بنتے رہنا تندرستی کی علامت ہے۔ اگر ہمارے جسم میں ہیموگلوبن کی مقدار کم ہوجائے تو اس سے خون کی کمی ہوجاتی ہے جس سےصحت کے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خون کی کمی یا صحت مند خون کا مناسب مقدار میں نہ بننے کے مسئلے کو طبی اصطلاح میں انیمیا کہا جاتا ہے۔ انیمیا ایک بیماری ہے جو ہمیں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔انیمیا کا مرض مردوں اور عورتوں دونوں کو ہو سکتا ہے ، لیکن زیادہ تر خواتین اور بچوں میں خون کی کمی دیکھی جاسکتی ہے ، کیوں کہ اکثر خواتین اور بچے کھانے میں غفلت برتتےہیں جس کی وجہ سے ان کے جسم میں ہیموگلوبن کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔
جب ہمارے جسم میں ہیموگلوبن کی کمی ہوتی ہے تو ، اس کی علامات جلد ہی ہمارے جسم میں ظاہر ہونا شروع ہوجاتی ہیں ،مثلاً کندھوں میں درد،ضرورت سے زیادہ تھکاوٹ محسوس کرنا،چکر آنا،سر درد وغیرہ ۔ یہ علامات ایک الارم ہیں جس پر بروقت توجہ دے کر انیمیا کی بیماری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
جب ہمارا جسم ان علامت کوظاہر کرتا ہے ، تب ہم غذائیت سے بھرپور کھانا کھا کر ہیموگلوبن کی مقدار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ کھانے پینے کی بہت سی چیزیں ایسی ہیں جن میں فولاد قافر مقدار میں موجود ہوتا ہے جس سے ہم آسانی سے اپنے جسم میں ہیموگلوبن کی مقدار بڑھا سکتے ہیں۔انہی غذائوں میں دو ایسی چیزیں شامل ہیں جو قیمت میں کم جبکہ فائدے میں انمول ہیں۔یہ دو انمول غذائیں ہیں بھُنے ہوئے چنے اور گُڑ۔
بھنے ہوئے چنے اور گڑ میں غذائیت سے بھرپور عناصر کی کوئی کمی نہیں ۔ اگر ہم صرف چنے کھاتے ہیں یا اگر ہم صرف گڑ کھاتے ہیں تو یہ ہمارے لئے زیادہ فائدہ مند نہیں لیکن اگر ہم چنے اور گڑ ایک ساتھ کھائیں تو یہ ہمارے جسم کے لئے بہت مفید ہے۔چنے اور گڑ میں زنک ہوتا ہے اور اس میں وٹامن بی -6 بھی ہوتا ہے ، جو ہمارے دماغ کو تیز بناتا ہے۔ چنے اور گڑ ہماری جلد کے لئے بھی بہت فائدہ مند ہیں۔ پروٹین چنے میں کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ ہمارے پٹھوں کومضبوط بناتا ہے ، چنے اور گڑ کا ایک ساتھ استعمال جسم میں میٹابولک سسٹم کوبھی بہتر کرتا ہے جس سے اضافی وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ کیلشیم اور فاسفورس چنے اور گڑ میں وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو ہمارے دانتوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ چنے اور گڑ میں بھی فائبر بھی موجود ہوتا ہے جو ہمارے کھانے کو آسانی سے ہضم کرتا ہے اور قبض جیسے مسائل سے بھی بچاتا ہے۔
بھنے ہوئے چنے اور گڑ ہمارے جسم میں ہیموگلوبن کی مقدار کو آسانی سے بڑھا سکتے ہیں۔ یہ مفید آئرن سے مالا مال غذائیںہیں۔ آئرن کی کمی ہی جسم میں خون کی کمی کا سبب بنتی ہے۔ لہذا اگر خون کی کمی ہے تو اس طرح چنے کے ساتھ گڑ کھانا بہت فائدہ مند ہے ،جسم کو نہ صرف آئرن بلکہ بہت سارے وٹامنز بھی ملتے ہیں۔ نیز چنے ہمارے جسم میں خون کے ٹشو زبھی تیار کرتا ہے۔چنے اور گڑ کامستقل استعمال ہماری قوت مدافعت کو بھی مستحکم کرتا ہے۔ہمیں روزانہ ایک مٹھی بھنے ہوئے چنے اور گڑ کو اپنی غذا میں ضرور شامل کرنا چاہئے تاکہ ہم بیماریوں سے دور رہیں۔