بیرام ڈی آواری پاکستان کے معروف بزنس مین اور کھیل کے حلقوں میں ایک نمایاں شخصیت تھے۔ان کا جنم 1942 ء میں ایک پارسی گھرانے میں ہوا۔وہ کراچی پارسی انجمن کے چیئرمین تھے۔ انہوں نے سیلنگ میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔
1976 میں اور پھر 1980 میں، بیرام ڈی آواری نے کراچی یاٹ کلب کے کموڈور کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے منیر صادق کے ساتھ 1978 میں بنکاک میں ہونے والے ایشین گیمز میں “انٹرپرائز کلاس” یاٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا.1978 میں، انہوں نے کینیڈا میں منعقد ہونے والی انٹرپرائز ورلڈ چیمپیئن شپ سے چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔
بیرام ڈی آواری نے 1982 میں نئی دہلی میں اپنی اہلیہ گوشپی کے ساتھ مل کر یہ کارنامہ دہرایا۔ان کے اس کارنامے کے اعتراف کے طور پر 14 اگست 1982ء کو حکومت پاکستان نے انھیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ برائے اسپورٹس (سیلنگ) سے نوازا ۔
آواری نے گوشپی سے شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے ۔ ان کی اہلیہ گوشپی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، پارسی جنہوں نے 1982 میں ایشین گیمز میں اپنے شوہر کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ ان کے ایک بیٹے بھی سیلنگ میں اپنا مقام رکھتے ہیں.
بیرام ڈی آواری نے بطور کامیاب بزنس مین بھی خوب نام کمایا. وہ آواری گروپ آف کمپنیز کے مالک اور چیئرمین تھے۔آواری گروپ پاکستانی بزنس کمیونٹی میں ایک مشہور نام ہے۔آواری گروپ پہلی پاکستانی کمپنی ہے جس نے بین الاقوامی ہوٹل مینجمنٹ کنٹریکٹس حاصل کیے ۔آواری متحدہ عرب امارات میں دبئی میں 200 کمروں پر مشتمل 4 اسٹار ہوٹل چلاتے تھے اور اس سے قبل ٹورنٹو میں پیئرسن ایئرپورٹ پر 200 کمروں پر مشتمل رمڈا ان کا انتظام کرتے تھے۔ آواری کینیڈا کے اعزازی قونصل یا سفارتی نمائندے بھی رہے۔
بیرام ڈی آواری کا انتقال 22 جنوری 2023 کو 81 سال کی عمر میں کراچی میں ہوا۔ پارسی کمیونٹی کے لیے محمود آباد،کراچی میں واقع ٹاور آف سائلنس (مینار خاموشی) پر ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔