لاہور: معروف اداکار جان ریمبو نے کہا ہے کہ جو شخص اپنی بیوی یا کسی خاتون کو عزت نہیں دیتا، وہ کبھی بھی مرد نہیں کہلا سکتا۔
جان ریمبو حال ہی میں ساتھی اداکار سعود کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی شوبز زندگی کے ساتھ ساتھ ذاتی تجربات پر بھی گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران جان ریمبو نے اپنی اہلیہ سے شادی کی پیشکش کرنے کا واقعہ شیئر کیا۔ اداکار نے بتایا کہ جب انہوں نے اور صاحبہ نے پہلی بار ایک ساتھ فلم کی، تو وہ انہیں پسند آ گئیں۔ یہ ان کی پہلی اور صاحبہ کی تیسری فلم تھی۔
جان ریمبو نے کہا کہ صاحبہ کی پہلی دونوں فلمیں ناکام ہو چکی تھیں، مگر ان کے ساتھ تیسری فلم کامیاب رہی۔ شوٹنگ کے دوران ہی انہوں نے صاحبہ کو شادی کی پیشکش کی، مگر اس کے بعد صاحبہ نے ان سے دوری اختیار کر لی۔ وقت کے ساتھ دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور دونوں نے شادی کر لی۔
جان ریمبو نے بتایا کہ صاحبہ کی شادی کی ایک شرط یہ تھی کہ چاہے انہیں جھونپڑی میں رکھا جائے، مگر وہاں اے سی ضرور ہونا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں جان ریمبو نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ سے نہیں ڈرتے، بلکہ ان کی عزت کرتے ہیں اور انہیں پیار دیتے ہیں۔ بدلے میں اہلیہ بھی انہیں اتنی ہی عزت اور محبت دیتی ہیں۔
کامیاب ازدواجی زندگی کے حوالے سے جان ریمبو نے کہا کہ ان کے درمیان کبھی کبھار جھگڑے ہوتے ہیں، مگر ان کا اصول ہے کہ جب ایک کو غصہ آتا ہے تو دوسرا خاموش رہتا ہے۔ ان کے مطابق یہی ازدواجی زندگی کی کامیابی کا راز ہے۔
جان ریمبو نے شادی شدہ مردوں کو مشورہ دیا کہ جب بھی ان کی بیوی غصے میں ہو اور بات کر رہی ہوں، تو شوہر کو خاموشی سے ان کی بات سننی چاہیے، کیونکہ اس سے بیوی کو اپنی غلطی کا فوراً احساس ہو جاتا ہے اور وہ تھوڑی دیر بعد چائے کا کپ لے کر سامنے آ جاتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو شخص اپنی بیوی یا خاتون کی عزت نہیں کرتا، وہ کبھی مرد نہیں کہلا سکتا، کیونکہ عزت اور محبت بیویوں کا حق ہے، اور یہ ان کا حق ہے کہ انہیں ملے۔