جمہوریت کا تسلسل ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت نے ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کیا اور جمہوریت کا تسلسل ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے۔اسلام آباد میں 2 روزہ 18 ویں سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ 1973 کا آئین متفقہ طور پر منظور ہوا، آئین میں ترمیم ہوتی رہیں، 17 ویں ترمیم بہت اہمیت کی حامل تھی لیکن 18 ویں ترمیم میں اختیارات صوبوں کو منتقل کئے گئے، صوبوں کو اختیارات کی منتقلی میں مرکز نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے وقت یہ احتیاط کی گئی، خاص طور پر جو فوجداری قوانین میں فیڈریشن کو رکھا گیا تاکہ پورے ملک میں ایک جیسے قوانین ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح آرٹیکل 144 میں یہ اختیار دیا گیا کہ صوبہ ایک قرارداد کے ذریعے مرکز کو اجازت دے سکتا ہے کہ وہ کسی موضوع پر قانون سازی کر لیں لیکن یہ صوبے کا اختیار ہوگا کہ وہ بعد میں اس قانون میں ترمیم کرے یا اسے ختم کرے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مارشل لاء دور میں ملک کا بہت نقصان ہوا، آئین سب سے مقدس اور معتبر ہے۔وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری نظام کا مقصد ہمیں جن لوگوں نے اسمبلیوں میں بھیجا یا جن کی ہم نمائندگی کرتے ہیں، ان کا فائدہ ہو، پارلیمانی نظام میں عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، حکومت نے طے کرنا ہے کہ نظام کیسے چلانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں