پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز ایک نیا چیلنج ہے، ٹیم نے آسٹریلیا اور زمبابوے میں اچھی پرفارمنس دی، یہاں بھی بہترین نتائج کےلیے پر عزم ہیں۔
ڈربن میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس ہمارے لیے معنی نہیں رکھتی، ہہاں پر سیریز کے لیے آئے ہیں، یہ ایک چیلنج ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ امید ہے جیسی پرفارمنس کھلاڑیوں نے آسٹریلیا اور زمبابوے میں دی یہاں بھی دیں گے، پاکستان کے نوجوان کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ چیمپئنز کپ کےلیے پانچ ٹیمیں بنی ہیں۔ چیمپئنز کپ سے نئے نئے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں آزمایا گیا۔ نئے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے کا تجربہ بھی مل رہا ہے۔ جونیئر کھلاڑی سینئرز کے تجربے سے سیکھ رہے ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ اوورسیز کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ سے چیلنجنگ ہوتا ہے، ہوم کنڈیشنز میں فائدہ ہوتا ہے، فینز اور شائقین کی سپورٹ ملتی ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ آسٹریلیا اور زمبابوے کی کنڈیشنز مختلف تھیں، جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز الگ ہوں گی۔ کوشش کریں گے آسٹریلیا اور زمبابوے کے تجربے سے یہاں فائدہ اٹھائیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کل ڈربن میں کھیلا جائے گا، بابراعظم اور شاہین آفریدی کی فائنل الیون میں واپسی کا امکان ہے۔