اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن کی رکنیت کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پارلیمنٹیرینز کے نام سپریم کورٹ کو ارسال کردیئے گئے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینٹر شبلی فراز کی ایڈوائس پر جوڈیشل کمیشن کے لیے حکومتی اور اپوزیشن بنچوں سے سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور شبلی فراز کی نامزدگیوں کو رجسٹرار سپریم کورٹ کو ارسال کرنے کی ہدایت کر دی۔
ادھر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی سپریم جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ کر پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کردی۔جوڈیشل کمیشن کے لیے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب کو نامزد کیا گیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے خاتون کی نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کیا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق 26 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن میں 5 اراکین پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا ہے اور تمام نامزدگیاں سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دی گئی ہیں، پارلیمنٹ سے بھجوائے گئے ناموں میں حکومت اور اپوزیشن کی برابر کی نمائندگی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نام بھجوائے اور تمام نامزدگیاں سپریم کورٹ کو موصول ہو گئی ہیں۔