تل ابیب: اسرائیلی فوج کے سینئر اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں حالیہ بمباری میں حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کی ہلاکت کا قوی امکان ہے جس کی تحقیقات کررہے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے سینئر فوجی حکام نے بتایا کہ اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا حال ہی میں غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک عمارت پر بمباری میں ہلاک ہونے والے 3 کمانڈرز میں سے ایک یحییٰ السنوار ہوسکتے ہیں۔
سینیئر فوجی حکام نے اسرائیلی میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ جس عمارت میں حماس کے ان 3 اہم کمانڈرز کو قتل کیا وہاں سے اسرائیلی یرغمالی نہیں ملے۔
امریکی حکام کے مطابق بائیڈن کو آگاہ کر دیا کہ اسرائیل کا یحییٰ سنوار کی ہلاکت کا تصدیقی عمل جاری ہے۔ امریکی حکام کے مطابق صدر بائیڈن کو جرمنی جاتے ہوئے راستے میں اطلاعات سے آگاہ کیا۔خبر ایجنسی کے مطابق بائیڈن یورپی رہنماؤں سے مشرق وسطیٰ اور یوکرین کی صورتحال پر بات کرنے جرمنی جا رہے ہیں۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ یحییٰ سنوار سے متعلق اسرائیلی دعووں پر فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔حماس کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد باضابطہ بیان نشر کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ایک ماہ قبل بھی اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار شہید ہوگئے اور اسرائیلی فوج اس کی تصدیق کے لیے تحقیقات کر رہی ہیں۔