وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ترجمان آئل ٹینکرزکانٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ راستوں میں رکاوٹوں کے سبب اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈیپوز سے پیٹرول پمپوں تک سپلائی رک چکی ہے، اگر یہی صورت حال جاری رہی تو پیٹرول پمپس پرفیول کی جلد قلت ہوجائے گی۔دوسری جانب ضلعی صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن راجہ وسیم کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے تیل کی سیل نہیں ہورہی، اسلام آباد میں پیٹرول پمپوں پر تیل موجود ہے لیکن تیل کی کھپت بڑھنے پرمسئلہ ہو سکتاہے، فی الحال صورتحال ٹھیک ہے، اسلام آباد ڈیپو سے پمپس کو نئی سپلائی نہیں ہو رہی۔
صدرپاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نارتھ چوہدری ظفرالٰہی نے صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں پیٹرول پمپس پراسٹاک ختم ہورہاہے، پیٹرول پمپس کوسپلائی بند ہے جس کی وجہ راستوں کی بندش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس پرتین، چار دن کا ذخیرہ ہوتا ہے، راولپنڈی میں پمپس کو تین دن سے تیل سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے، پمپس کو سپلائی کے لیے دن کے کچھ گھنٹے راستے کھولے جائیں، سپلائی بحال نہ ہوئی تو پولیس اورگاڑیوں کو فیول کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔
ادھر ترجمان اوگرا نے کہا کہ تیل سپلائی سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں، تیل سپلائی میں بہتری کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔