ربڑ بینڈ : بال ہی نہیں کچن کےپرابلم بھی کس سکتا ہے

بنتِ مریم:

ربڑ بینڈ کوخواتین کی روز مرہ کی زندگی کا ایک اہم جزو کہا جائے تو بے جا نا ہو گا۔ یہ ایک ایسی چیز ہے جس کا استعمال وہ بچپن سے ہی کرنا شروع کر دیتی ہیں۔ اکثر والدین بیٹی کی خواہش کرتے ہوئےاپنی آنکھوں میں اس کے بالوں میں پونیاں باندھنے کا خواب ضرور سجاتے ہیں جو ربڑ بینڈ کی مدد سے ہی باندھی جاسکتی ہیں لیکن اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ربڑ بینڈ کا استعمال صرف بالوں کو باندھنے کے لیے کیا جاتا ہے تو ایسا نہیں ہے کیونکہ ہم آپ کو بتائیں گے کہ اسے کچن میں کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
جی ہاں، آپ نے اس کے بارے میں سوچا بھی نہیں ہوگا، لیکن ہم آپ کے لیے کچھ آسان ہیکس لے کر آئے ہیں جن سے ربڑ بینڈ کی مدد سے کچن میں کئی کام آسان ہو سکتےہیں۔

پیکٹس سیل کرنا
کھانے کے پیکٹ، جیسے چپس، بسکٹ، خشک مصالحے یا دالیں جلد خراب ہو سکتی ہیں اگر انہیں کھولنے کے بعد دوبارہ بند نہ کیا جائےتو ہوا اور نمی ان کے ذائقہ اور معیار کو تبدیل کر سکتی ہے۔ربڑ بینڈ کا استعمال ان پیکٹوں کو سیل کرنے کا ایک آسان طریقہ ہے۔پیکٹ کے کھلے حصے کو اچھی طرح سے فولڈ کریں، تاکہ پیکٹ کا منہ مکمل طور پر بند ہو جائے۔پیکٹ کے منہ کے گرد ایک یا دو ربڑ بینڈ لپیٹ دیں۔ربڑ بینڈ پیکٹ کو مضبوطی سے بند رکھے گا، تاکہ ہوا داخل نہ ہو اور مواد تازہ رہے۔

جار کے ٹائٹ دھکن کھولنا
بعض اوقات جار کا ڈھکن ضرورت سے زیادہ سخت ہو جاتا ہے۔ اسے کھولنا بہت مشکل ہے اور اگر ہم کوشش بھی کریں تو جارٹوٹ بھی سکتا ہے۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ جار کو ربڑ بینڈ کی مدد سے کھولا جا سکتا ہے۔ کرنا یہ ہے کہ ایک موٹا اور مضبوط ربڑ بینڈ لیں۔اسے جار کے ڈھکن کے گرد لپیٹ دیں۔یہ ربڑ بینڈ آپ کی انگلیوں اور ڈھکن کے درمیان ایک مضبوط گرفت بناتا ہے، جس سے ڈھکن کو گھمانا آسان ہو جاتا ہے۔اگر جار پھسل رہا ہے تو جار کے نچلے حصے میں بھی ربڑ کا بینڈ لپیٹ دیں۔اس سے جار کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی، جس سے آپ آسانی سے ڈھکن کھول سکیں گے۔ربڑ بینڈ کو لپیٹنے کے بعد دونوں ہاتھوں کا استعمال کریں اور ڈھکن کو آہستہ آہستہ مروڑیں۔ربڑ بینڈ کی وجہ سے گرفت مضبوط ہوگی اور ڈھکن کم زور سے کھلے گا۔

کٹنگ بورڈ کو سلپ ہونے سے بچانا
کچن میں سبزیاں یا دیگر چیزیں کاٹتے ہوئے کٹنگ بورڈ کا پھسلنا نہ صرف پریشانی کا باعث بن سکتا ہے بلکہ یہ خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے آپ ربڑ بینڈ استعمال کر سکتے ہیں۔
کٹنگ بورڈ کے دونوں سرے کے گرد موٹے ربڑ کے بینڈ لپیٹیں۔ربڑ بینڈ سطح پر بورڈ کی گرفت کو مضبوط کرتا ہے، اسے پھسلنے سے روکتا ہے۔اگر آپ کا کچن کاؤنٹر ہموار ہے تو ربڑ بینڈ اسے مستحکم رکھے گا۔آپ ربڑ بینڈ کے ساتھ بورڈ کے نیچے صاف اور خشک کپڑا بھی رکھ سکتے ہیں۔اگر آپ کے پاس ربڑ بینڈ نہیں ہے، تو آپ کٹنگ بورڈ کے نیچے گیلا کپڑا بھی رکھ سکتے ہیں۔نان سلپ میٹ کا استعمال کٹنگ بورڈ کو مستحکم رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

سیب کو کالا ہونے سے بچانا
بچوں کو سکول لنچ باکس میں سیب کاٹ کر دینا مائوں کے لیے سر درد ہے کیونکہ سیب کے سلائس بہت جلد کالے پڑ جاتے ہیں۔ سیبوں کو کاٹنے کے بعد تازہ اور رس دار رکھیں اور ٹکڑوں کو دوبارہ ایک ساتھ رکھ کر ربڑ بینڈ لگا کر محفوظ کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں