روزانہ چہل قدمی سے صحت بہتر بنائیں اور عمر بڑھائیں، برطانوی تحقیق میں انکشاف

اگر آپ اپنی صحت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور لمبی زندگی کا خواب دیکھتے ہیں تو روزانہ چہل قدمی کو اپنا معمول بنائیں، یہ بات برطانیہ کی ایک تازہ طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

لندن اسکول آف اکنامکس کی اس تحقیق کے مطابق جو لوگ ورزش سے دور رہتے ہیں اگر وہ چہل قدمی شروع کر دیں تو ان کی اوسط عمر میں تقریباً ڈھائی سال کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتے میں 15 ہزار قدم چلنے سے کئی سنگین بیماریوں کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔

اس مطالعے کے لیے ایک لاکھ افراد کی صحت کا 10 سال تک جائزہ لیا گیا جس کے نتائج سے معلوم ہوا کہ اچھی صحت کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم چلنا ضروری نہیں بلکہ اس سے کم چلنے سے بھی خاطر خواہ فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

خاص طور پر بزرگ افراد کو اس عادت سے سب سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

مثال کے طور پر 65 سال سے زائد عمر کے افراد چہل قدمی کے ذریعے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 52 فیصد تک کم کر سکتے ہیں جبکہ 45 سے 65 سال کے افراد کے لیے یہ کمی 38 فیصد تک ہو سکتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ چہل قدمی موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے امراض کے خطرے کو کم کرتی ہے جو دل کی بیماریوں اور دیگر سنگین حالات کا باعث بنتے ہیں۔

ذیابیطس کے مریض اگر ہفتے میں تین بار 5 ہزار قدم چلیں تو موت کا خطرہ 40 فیصد تک کم ہو سکتا ہے، یہاں تک کہ ایک دن میں 5 ہزار قدم چلنا بھی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ 2200 قدموں کے بعد ہر اضافی قدم دل کی بیماریوں اور قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

سڈنی یونیورسٹی اور سدرن ڈنمارک یونیورسٹی کے مشترکہ مطالعے میں 78 ہزار سے زائد برطانوی شہریوں کی 2013 سے 2015 تک وئیر ایبل ٹریکرز کے ذریعے نگرانی کی گئی جس کے نتائج سے پتا چلا کہ روزانہ 10 ہزار قدم چلنے سے دماغی تنزلی کا خطرہ 50 فیصد، دل کی شریانوں کے امراض اور کینسر کا خطرہ 30 سے 40 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ تیز رفتار چہل قدمی صحت کے لیے اور بھی زیادہ مفید ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چہل قدمی ایک سادہ مگر طاقتور عادت ہے جو نہ صرف جسم کو توانا رکھتی ہے بلکہ زندگی کے سالوں میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ تو آج ہی سے قدم اٹھائیں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں