اسلام آباد : روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔
ایئرپورٹ آمد پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، اس موقع پرروایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کئے، اجلاس کی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے تناظر میں معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان خیرسگالی کے کلمات کا اظہار بھی کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق روس کے ڈپٹی وزیراعظم الیکسی اوورچک شام کو اسلام آباد پہنچ گئے تھے، روسی وزیراعظم کے ہمراہ ایک بڑا وفد پاکستان آیا ہے، ایس سی او اجلاس کے لئے سب سے بڑا وفد روس کا ہے۔سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ روسی وفد دو حصوں میں پاکستان پہنچا ہے، روسی وزیراعظم کے وفد میں روسی صحافی بھی شامل ہیں۔