ایک تازہ تحقیق میں انکشاف ہو اہے کہ عمر رسیدہ افراد میں انڈے کھانے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، یہاں تک کہ قبل از وقت موت کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔
’میڈیکل پریس جرنل‘ میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق انڈے بزرگوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔
آٹھ ہزار سے زائد افراد پر کی گئ تحقیق میں طبی ریکارڈ اور سرکاری رپورٹس کا استعمال کرتے ہوئے یہ دیکھا کہ چھ سال کے عرصے میں کتنے افراد ہلاک ہوئے اور ان کی اموات کی وجوہات کیا تھیں۔
محققین نے یہ جانچنے کی بھی کوشش کی کہ تحقیق میں شریک افراد عام طور پر کون سی خوراک کھاتے تھے۔
محققین نے کھانے کے حوالے سے سوال نامے کی مددسے معلومات اکٹھا کیں، جس میں انڈے کھانے سے متعلق بھی سوال تھا۔
تحقیق میں انکشاف ہوا کہ مجموعی طور پر جو لوگ ہفتے میں ایک سے6 مرتبہ انڈے کھاتے ہیں ان میں امراض قلب سمیت دیگر پیچیدگیوں میں مبتلا ہوکر مرنےکا خطرہ سب سے کم تھا۔
شاذو نادر انڈے کھانے والوں کے مقابلے میں ہر ہفتے انڈے کھانے والوں میں امراض قلب سے ہونے والی اموات کا خطرہ 29 فیصد اور دیگر امراض سے اموات کا خطرہ 17 فیصد کم تھا۔
جب کہ تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ روزانہ انڈے کھانے سے پیچیدگیوں کا شکار ہوکر موت کا خطرہ بھی نہیں بڑھا۔
واضح رہے کہ انڈے پروٹین کا ایک اہم ذریعہ ہیں اور اس میں وٹامن اے، بی، ڈی، ای اور کے پائے جاتے ہیں۔
ایک بڑے انڈے کی زردی میں تقریباً 275 ملی گرام کولیسٹرول پایا جاتا ہے، جو روزانہ کے لیے کولیسٹرول کی تجویز کردہ مقدار کی حد سے قریب ہے۔
ماضی میں طبی ماہرین نے خبردار کیا تھا کہ کولیسٹرول سے بھرپور غذائیں، جیسے انڈے کھانے سے خون میں کولیسٹرول بڑھ سکتا ہے اور امراض قلب کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
تاہم نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ جسم ڈائیٹری کولیسٹرول کو اچھی طرح جذب نہیں کرتا ہے، لہٰذا یہ کولیسٹرول خون کے کولیسٹرول کی سطح پرزیادہ اثرانداز نہیں ہوتا۔
جب کہ کولیسٹرول کی سطح بڑھانے میں سیچوریٹڈ اور ٹرانس فیٹس جیسی غذائیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انڈا چاہے کسی بھی طریقے سے کھایا جائے وہ پروٹین حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔
تاہم، ماہرین نے تجویز دی کہ یہ فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ غذا کے استعمال میں اعتدال بے حد ضروری ہے اور کسی بھی چیز کا حد سے زیادہ استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔