محکمہ صحت سندھ کی ہدایت پر سول اسپتال میں حمل کے دوران خواتین کے ایکوکارڈیوگرام شروع کردیا گیا ہے۔ پاکستانی خاتون ڈاکٹر کی تحقیق میں زچگی کے دوران خواتین کی اموات کی شرح میں اضافے کی وجوہات سامنے آگئیں۔
کیا آپ جانتے ہیں پاکستان میں ہر 50 منٹ بعد ایک حاملہ خاتون انتقال کرجاتی ہے؟ لیکن اسکی وجہ کیا ہے؟ امراض قلب کے سب سے بڑے اسپتال این آئی سی وی ڈی کی حاملہ خواتین پر تہلکہ خیز تحقیق جاری کردی گئی۔
پاکستانی خاتون ڈاکٹر پروفیسر صبا بھٹی کی تحقیق نے طب کی دنیا میں ہلچل مچادی، عالمی جریدے یورپین سائنس کانگریس اور امریکن کالج آف کارڈیولوجی نے تحقیق شائع کردی۔
تحقیق کے مطابق زیادہ تر خواتین حمل کے دوران دل کی کمزوری کی شکار پائی گئیں۔ سربراہ کارڈیک امیجنگ این آئی سی وی ڈی پروفیسر صباء بھٹی کا کہنا ہے کہ بیس ہزار ٹیسٹ میں سے دوران زچگی 4 فیصد خواتین دل کے پٹھوں کی کمزوری کا شکار پائی گئیں۔
حاملہ خواتین کی اموات کا تناسب صرف دیہی علاقوں میں نہیں بلکہ شہری علاقوں میں بھی بڑھ رہا ہے۔ سانس لینے میں دشواری ہو یا کوئی دوسرا مسئلہ، پہلی بار ماں بننے والی خواتین گائناکولوجسٹ کے علاوہ کسی دوسرے ڈاکٹر سے رجوع نہیں کرتیں۔
کارڈیالوجسٹ سول اسپتال ڈاکٹر شازیہ احمد کا کہنا ہے کہ تہلکہ خیز تحقیق کے بعد اب سول اسپتال میں ہر حاملہ خاتون کا دل کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے، دیگر اسپتالوں میں بھی یہ پروگرام جلد شروع ہوگا۔