سعودی عرب کے نیوم شہر میں پُرتعیش جزیرے سندالہ کا آغاز

سعودی عرب :بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے مستقبل کے جدید شہر نیوم کے تحت پرتعیش جزیرے سندالہ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق، اس جزیرے میں اعلیٰ معیار کے ریستوراں، ہوٹلز اور کشتی رانی کے مراکز شامل ہیں، جو سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کریں گے۔

نیوم کی جانب سے سندالہ کو “بحیرہ احمر کے دروازے” کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے، جو یورپی، سعودی اور جی سی سی ممالک کے کشتی مالکان کے لیے آسانی سے رسائی کا مرکز ہوگا۔

نیوم کے سی ای او نظمی النصر نے کہا کہ سندالہ کا افتتاح سعودی عرب میں پرتعیش سیاحت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ یہ جزیرہ نیوم کے مستقبل کے منصوبوں کی ابتدائی جھلک فراہم کرتا ہے، جس میں سیاحت کے اعلیٰ معیارات کو پیش کیا جائے گا۔

سندالہ کا رقبہ 8 لاکھ 40 ہزار مربع میٹر ہے اور اس کا ہدف ہے کہ 2028 تک روزانہ 2,400 مہمانوں کو سہولت فراہم کی جائے۔

یاد رہے کہ دسمبر 2022 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ نیوم کا کہنا ہے کہ سندالہ کا منصوبہ سعودی وژن 2030 کے تحت ملک کے سیاحتی اہداف کی تکمیل کا ایک اہم قدم ہے، جو نیوم کی اختراعی صلاحیتوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں