سندھ کے 3 اضلاع کے نمونوں میں پولیو وائرس کی نشاندہی

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں پولیو کے خاتمے کے لیے قائم مقامی ریفرنس لیبارٹری نے سندھ کے 3 اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی 1) کی تصدیق کی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سندھ میں ٹھٹہ، عمرکوٹ اور نوشہرو فیروز سے جمع کیے گئے سیوریج کے نمونوں میں ڈبلیو پی وی ون کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پولیو مفلوج کر دینے والا ایک لاعلاج مرض ہے، پانچ سال سے کم عمر بچوں کی قوت مدافعت بڑھا کر اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں پلوانا اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں کا مکمل کورس کروانا انتہائی ضروری ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’پاکستان پولیو پروگرام ایک سال میں بڑے پیمانے پر پولیو سے بچاؤ کی مہم چلاتا ہے، بچوں کو ان کی دہلیز تک ویکسین فراہم کی جاتی ہے جب کہ توسیعی پروگرام برائے امیونائزیشن صحت کے مراکز میں بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف مفت حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جاتے ہیں۔‘

ملک بھر میں رواں سال کی پہلی پولیو ویکسی نیشن مہم 3 سے 9 فروری تک چلائی جائے گی۔

اس حوالے سے عہدیدار نے والدین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کی ویکسی نیشن ضرور کروائیں۔‘

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں