سپیکر نے مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا اجلاس طلب کر لیا، پی ٹی آئی کا شرکت سے انکار

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا اجلاس طلب کر لیا گیا، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس 28 جنوری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں ان کیمرہ ہوگا۔حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، پی ٹی آئی نے ابھی تک تحریری جواب سے آگاہ نہیں کیا کہ وہ مذاکرات ختم کر رہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ان کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں، یہ کہتے ہیں ہماری مجبوریاں ہیں، مذاکراتی کمیٹی اجلاس میں یہ خود چائے وغیرہ پی لیں۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کے مطابق کسی اور میٹنگ میں شرکت نہیں کر رہے۔
قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مذاکرات ہولڈ کئے ہیں، ہم کھلے دل کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھے تھے، ہم نے صرف دو مطالبات رکھے تھے، 7 دن کافی تھے کمیشن کیلئے لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کے اعلان کیلئے 7 روز بھی بہت تھے، ہم دوبارہ غور کر لیتے ہیں لیکن حکومت کمیشن کا اعلان کرے۔
واضح رہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن نہ بنائے جانے پر حکومت سے مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مذاکرات بحالی کا مشروط عندیہ دیا ہے جس میں انہوں نے پہلے کمیشن بنانے کی شرط رکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں