سیاست کو کھیل سے کوسوں دور ہونا چاہیے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست کو کھیل سے کوسوں دور ہونا چاہیے۔

راولپنڈی میں چیمپئنز کپ کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ کے فائنل میں اسٹالینز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔

راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے سلیکٹرز کا ایک بہترین پینل بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے میچز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، پاکستان کرکٹ میں بہتری آ رہی ہے، کرکٹ کے بڑے ٹورنامنٹ پاکستان میں ہونے جا رہے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں جنوبی افریقہ کو شکست دینا اچھی کاوش ہے۔ ہمارے پاس بہت ٹیلنٹ ہے، ہمارا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوم گراﺅنڈ پر پاکستان کرکٹ کی واپسی سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، ماضی میں جب بھی کوئی ٹیم آئی تو پاکستان کی مہمان نوازی کی ہمیشہ تعریف کی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیاست کو کھیل سے کوسوں دور ہونا چاہیے، پاکستان کے عوام کو پیغام ہے کہ آئیں اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کریں، پاکستانی عوام کرکٹ کا شوق اور جذبہ رکھتے ہیں۔

عطاءاللّٰہ تارڑ نے کہا کہ محسن نقوی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ مہمان ٹیموں کی سیکیورٹی کےلیے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں، کھیل میں سیاست کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2005 کی بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے انٹرویوز نکال کر دیکھیں، وریندر سہواگ سمیت بھارتی کرکٹر پاکستان کی مہمان نوازی کے معترف رہ چکے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑی آج بھی پاکستان کی مہمان نوازی کو یاد کرتے ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران دنیا بھر کے شائقین کےلیے ویزہ پالیسی نرم کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں