سیف علی خان پر حملہ کرنیوالا ملزم قومی سطح کا کھلاڑی نکلا

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنیوالا ملزم بنگلہ دیشی شہری اور قومی سطح کا کھلاڑی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے 15 اور 16 جنوری کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اداکارہ سیف علی خان کے اپارٹمنٹ میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا تھا، تاہم اس دوران ملزم نے چاقو سے حملہ کردیا، جس میں سیف علی خان شدید زخمی ہوگئے۔

سیف علی خان کو 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا، ان کی دو گھنٹے طویل سرجری کی گئی تاہم اب انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

ممبئی پولیس کا بتانا ہے کہ سیف علی خان پر حملہ کرنیوالے ملزم کا تعلق بنگلا دیش سے ہے، ملزم کی شناخت 30 سالہ محمد شریف الاسلام شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا ہے وہ بنگلا دیش میں قومی سطح پر پہلوان تھا۔

پولیس کے مطابق اسی وجہ سے ملزم نے اپنی جمسانی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیف علی خان پر متعدد حملے کئے جس سے اداکار بری طرح زخمی ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور پر اس سے پہلے بھی ہیرے کی ایک انگوٹھی چوری کرنے کا الزام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں