شادی سیزن کے ٹرینڈی پہناوے… فراک شرارے

بنتِ مریم:

شرارااگرچہ انٹیک شمار کیا جاتا ہے لیکن نت نئے تجربات کے ساتھ اسے جدید فیشن میں ڈھال لیا جائے تو یہ کسی بھی تقریب میں آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا سکتا ہے۔فراک کے ساتھ شرارا ان دنوں کافی ٹرینڈ میں ہیں۔ نہ صرف پارٹیوں یا گیٹ ٹوگیدرز میں بلکہ شادی کی تقریبات میں بھی لڑکیاں اب ساڑھی یا لہنگا کے بجائے فراک شرارا پہننے کو ترجیح دے رہی ہیں۔ اس کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہ پہناوے جتنے کلاسی اورجدید نظر آتے ہیں، اتنے ہی آرام دہ بھی ہیں ۔ تاہم، صرف شرارا پہننا ہی شاندار نظر آنے کے لیے کافی نہیں ، لباس میں آپ خود کو کس طرح اسٹائل کرتی ہیں یہ بھی اتنا ہی اہم ہے۔آج ہم آپ کو فراک شرارا سٹائلنگ کی چندٹپس بتا رہے ہیں، جو آپ کو یقیناً پسند آئیں گی۔
دوپٹہ سیٹنگ
بھاری بھر کم کام والے شرارا ڈریس کے ساتھ کبھی بھی دوپٹہ سر پر مت اوڑھیں۔یاد رکھیں کہ آپ کودلہن کی طرح نہیں دکھائی دینا اس لیےدوپٹے کو ایک خاص انداز میں ڈریپ کرکے سٹائل کریں۔آپ اسے پیچھے سے سمیٹ کر بازوں پر اوڑھ لیں یا پھیلا کر پیچھے کی جانب سے کندھوں پر ڈال لیں۔فراک کے سامنے پھیلا کر دوپٹہ لینے سے ڈریس کی لُک چھپ جائے گی۔لیکن اگر آپ پھیلا کر لینا چاہتی ہیں تو ایک کندھے سے مکمل ہٹا کر صرف ایک جانب ہی اسے پھیلا کر لیں۔


زیورات کا انتخاب
اگرچہ شرارا کے ساتھ پہننے کے لیے مکمل جیولری سیٹ دیکھنے میں بہت دیدہ زیب لگتے ہیں مگر امرائو جان ادا بننےکی بالکل کو شش نہ کریں۔آج کل تو دلہنیں بھی سادہ انداز میں سج رہی ہیں۔ اگر آپ گلے میں ہیوی نیکلس پہن رہی ہیں تو ماتھے پر بالکل ہلکا سا ٹیکا لگائیں اور ہرگز بھاری بھر کم جھمکے مت پہنیں۔اگر جھمکے ہی پہننا چاہتی ہیں تو نیکلس اور ٹیکا لگانے سے گریز کریں۔ چاند بالیاں یا دلکش سہاروں کے ساتھ جھمکے بھی اچھے لگیں گے۔ بالوں میں صرف جھومر لگا لینا بھی پوری لک مکمل کر دیتا ہے۔اس کے ساتھ کوئی اور زیور مت پہنیں۔ البتہ ہاتھوں اور انگلیوں میں بھاری چوڑیاں،کنگن یا بڑی انگوٹھیاں دیدہ زیب لگیں گی
۔
بالوں کا انداز
اپنے بالوں کو ہلکے کرل کے ساتھ کھلے انداز میں رکھ سکتی ہیں یا اگر سمیٹنا چاہتی ہیں تو ایک جانب سے سمیٹ کر پن سیٹنگ کے ساتھ ایک کندھے کی جانب بال کر لیں۔ان پرچھوٹے پھول والی پن یا ایکسسریز کےساتھ سجاوٹ کر سکتی ہیں۔ سامنے سے مانگ نکال کر سائیڈ بریڈز کا سٹائل بھی ٹین ایج لڑکیوں پر بھلا لگتا ہے مگر میچور عمر کی خواتین ایسے تجربے نہ ہی کریں تو بہتر ہے۔

ماڈرن انداز
روایتی شرارا سوٹ کے ساتھ کچھ تجربات کر کے اسٹائلش لُک لے سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر واسکٹ یا کڑھائی والی جیکٹ کا انداز آپ کی شرارا شرٹ یا فراک کو جدت دے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، آپ شرٹ یا فراک کی لمبائی کے ساتھ تھوڑا تجرباتی بھی ہو سکتے ہیں البتہ فٹنگ کا خاص خیال رکھیں بہت تنگ یا ضرورت سے زیادہ کھلا شرارا لباس مضحکہ خیز دکھائی دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں