شاہ رخ کا گوری کو برقعہ پہننے کا حکم، سسرالی حیرت زدہ، ماجرا کیا؟

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنے دلچسپ تبصروں اور اپنی گھریلو زندگی کے دلچسپ واقعات سنانے سے کبھی نہیں کتراتے۔ اور یہی وجہ ہے کہ مداح انکے انٹرویوز میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کا ماضی میں دیا گیا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے گوری سے شادی کے موقع پر برقعہ پہننے کا حکم دینے کے واقعے کا ذکر کیا۔

فریدہ جلال کے ایک پرانے شو میں شاہ رخ خان نے انکشاف کیا، ’مجھے یاد ہے، جب ان کا پورا خاندان بیٹھا ہوا تھا، میں سوا ایک بجے کے قریب آیا تو وہ آپس میں سرگوشی کر رہے تھے کہ یہ لڑکا مسلم ہے۔ کیا یہ لڑکی کا نام بدل دے گا؟ کیا یہ (گوری) مسلمان بن جائے گی؟‘

اسی انٹرویو میں شاہ رخ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے استقبالیہ کے دن مذاق میں گوری سے کہا کہ وہ برقعہ پہنیں اور اپنا نام عائشہ رکھ لیں۔

شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ’وہ سب پنجابی میں بات کر رہے تھے۔ تو میں نے وقت دیکھا اور کہا، ’ٹھیک ہے گوری، اپنا برقعہ پہن لو اور نماز پڑھنے چلتے ہیں۔‘ پورا خاندان ہمیں دیکھنے لگا، یہ سوچتے ہوئے کہ شاید میں نے پہلے ہی اس کا مذہب بدل دیا ہے۔ تو میں نے انہیں کہا، ’آج سے یہ ہمیشہ برقعہ پہنے گی، کبھی گھر سے باہر نہیں جائے گی، اس کا نام عائشہ ہوگا اور یہ ایسی ہی رہے گی۔‘

بالی ووڈ اسٹار نے بتایا کہ انکے اس بیان نے گوری کے پورے خاندان کو حیرت میں مبتلا کردیا گویا کہ سب صدمے میں آگئے ہوں۔

شاہ رخ خان نے بعد میں اعتراف کیا کہ انکا لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھیلنا خاص طور پر مذہب کو لے کر، ایک غلط عمل تھا۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان اور گوری کی شادی 1991 میں ہوئی تھی۔ دونوں کے ہاں تین بچے ہیں جن میں دو بیٹے آریان اور ابرام جبکہ ایک بیٹی سہانا شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں