کراچی : سینئر اداکارہ اسما عباس نے لڑکیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکیاں اپنے شوہر سے کنٹرول میں رہ کر بات کریں اور صبر و تحمل سے اپنی بات منوائیں۔
اداکارہ اسما عباس نے ایک پوڈ کاسٹ میں شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نوجوان نسل کو بتانا چاہتی ہوں کہ فیصلہ کرنے سے پہلے آپ حدود طے کریں، اپنے شریک حیات کی اچھی اور بری دونوں خصلتوں کو پہچان لیں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں لڑکیوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ چھوٹی موٹی بات سب میں ہوتی ہے کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہوتا، ہماری لڑکیاں کون سی کم ہیں، ان کے اتنے نخرے اور اتنی لمبی زبانیں ہیں، لڑکی اپنے شوہر سے بات کرے لیکن کنٹرول میں رہ کر کرے، ہمارے زمانے میں ہوتا تھا کہ بات تو آپ نے منوانی ہے لیکن تھوڑا صبر اور تحمل سے، پیار محبت سے بولا جاتا تھا تو بات مان لی جاتی تھی۔
اسما عباس کا کہنا تھا کہ اب لڑکیاں جلد باز ہوگئی ہیں، اپنی بات کو فوراً ہی جلدی سے بول دیتی ہیں، تھوڑا حوصلہ اور صبر رکھیں، غصے کو نگل کر 5 منٹ کا وقفہ لیں اور پھر اپنی بات رکھیں تو بات مانی جائے گی، غصے میں آپ کو کچھ بولنا ہی نہیں چاہئے، غصے میں چپ رہنا سیکھیں تو کام آسان ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف لڑکیاں بلکہ آدمی بھی غصے میں چپ رہنا نہیں سیکھتے، اپنی بیوی کے ساتھ بدتمیزی اور بدزبانی بھی کرتے ہیں، بعض تو گالی بھی دیتے اور ہاتھ بھی اٹھاتے ہیں اور میں اس چیز کے خلاف ہوں۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ میں اپنے یوٹیوب چینل پر لڑکیوں سے کہتی ہوں جس دن آپ کو گالی پڑے اور آپ پر ہاتھ اٹھایا جائے تو اسی وقت چلے جاو¿، پھر اس شخص کے ساتھ نہیں رہنا کیونکہ یہ چیزیں برداشت نہیں کرنی چاہئیں، مار اور گالی خوفناک بات ہے، اگر آپ برداشت کریں گے تو شوہر پھر اور زیادہ کرے
گا۔