کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2024 اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔
فکری گہرائی میں چھپی مزاحیہ جھلکیاں، شاندار سازوں کی پیشکش اور شیکسپئر کے مشہور کرداروں نے عالمی ثقافتی میلے کے 28 ویں دن محفل لوٹ لی۔
آرٹس کونسل کراچی میں 38 روزہ ’ورلڈ کلچر فیسٹیول‘ کے 28 ویں روز جرمنی اور پاکستان کے فنکاروں کی مشترکہ کاوشوں نے حاضرین کو محبت اور فن کے نئے پہلو دکھائے۔
مضحکہ خیزی کے پردے میں چھپے گہرے پیغامات، رنگا رنگ ملبوسات میں ’شیکسپئرز فول‘ برطانوی تھیٹر گروپ نے شیکسپئر کے ان کرداروں کو ثقافتی میلے میں نہایت دلکش اور منفرد انداز میں پیش کیا جو انسان کی سادہ لوحی میں چھپے دانائی کے پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہیں۔
ایک طرف شیکسپئر کے مشہور جملے ڈائس سے پیش کیے گئے جبکہ دوسری جانب سٹیج پر بدلتی روشنیوں میں تھیٹر آرٹسٹوں نے مزاح کے ذریعے سنجیدہ موضوعات کو نہایت خوبصورتی سے بیان کیا۔
پھر برلن اور لاہور کے موسیقاروں نے مل کر دلکش اور مسحور کن دھنیں چھیڑیں۔
استاد اشرف شریف نے جرمن فنکاروں کے درمیان بیٹھ کر ستار سے سر نکالے، کرسٹو نے پیانو پر جادوئی انگلیوں کا استعمال کیا اور تھامس نے ڈرم پر شاندار مہارت دکھا کر مشرقی اور مغربی موسیقی کو خوبصورتی سے یکجا کیا۔
آرٹس کونسل کراچی میں 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 29 ویں دن جہاں امریکی تھیٹر گروپ کی شاندار پرفارمنس ہے تو وہیں متحدہ عرب امارات کے ثقافتی رنگ بھی نظر آئیں گے۔