عامر خان فلم لال سنگھ چڈھا کی باکس آفس پر ناکامی سے دل شکستہ تھے، کرینہ کپور

بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے کہا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کی باکس آفس پر ناکامی پر کافی افسردہ اور دل شکستہ تھے۔
کرینہ نے یہ بات حال ہی میں دی ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا کی راؤنڈ ٹیبل گفتگو میں شرکت کے موقع پر کہی۔
گفتگو میں وکی کوشل، شبانہ اعظمی، راجکمار راؤ اور ملیالم فلموں کی اداکارہ انا بین شامل تھیں۔
کرینہ کپور نے فلم لال سنگھ چڈھا کی ناکامی کے حوالے سے عامر خان پر مرتب ہونے والے اثرات پر کھل کر گفتگو کی اور کہا وہ کافی دل شکستہ تھے۔
اس موقع پر میزبان نے فلم کی خراب کارکردگی پر کرینہ کے ماضی کے بیان پر بھی بات کی جس میں کرینہ کپور نے کہا تھا کہ وہ عامر خان اور ہدایتکار ادویت چندن کے پاس گئیں اور کہا وہ خوش نصیب ہیں کہ انھوں نے اس فلم میں کام کیا۔
انھوں نے کہا عامر خان ایک لیجنڈ ہیں، اس دوران جب میں ایک ایونٹ میں عامر خان سے ملی، تو انھوں نے ازراہِ مذاق کہا ہماری پکچر تو نہیں چلی، لیکن تم بات تو کروگی نہ مجھ سے؟
کرینہ نے کہا انھیں عامر خان کی مایوسی کا اندازہ تھا لیکن میں نے فلم میں رول دینے پر ان سے اظہار تشکر کیا، میں محسوس کرتی ہوں کہ فلم میں میرے کردار روپا نے میرے لیے اس سے زیادہ کیا جو کہ سنگھم اگین کرسکتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں