بالی ووڈ کے سپر اسٹار اور مسٹر پرفیکٹ کے نام سے مشہور عامر خان نے ماضی میں شراب نوشی کی لت میں مبتلا ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ذاتی زندگی میں اخلاقی طور پر پرفیکٹ نہیں رہا۔ عامرخان نے ٹی وی شو کے دوران اپنی پرانی بری عادتوں پر پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی میں پائپ پینے اور شراب نوشی کی عادت میں مبتلا تھے اور زندگی میں نظم و ضبط کے بھی پابند نہیں تھے۔
عامر خان نے اپنی بری عادتوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پائپ تو میں اب بھی پیتا ہوں لیکن اب میں نے شراب پینی چھوڑ دی ہے۔ لیکن ایک وقت ایسا تھا جب میں پیتا تھا تو رات بھر پیتا رہتا تھا۔اداکار نے خود کو شدت پسند بھی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ میں جو کررہا ہوں وہ غلط ہے لیکن میں خود کو روک نہیں پاتا۔ اداکار نے اس بات کا انکشاف کیا کہ فلموں میں کام کے دوران ان کی ذاتی زندگی سب سے زیادہ بے قاعدگی کا شکار ہوتی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں تھا کہ میں سیٹ پر لیٹ آتا تھا، وہاں تو میں وقت پر پہنچ جاتا تھا لیکن میں اپنی نجی زندگی میں بے قاعدگی کا شکار ہوجاتا تھا۔