فرانس: بریڈ پٹ کا روپ دھارے شخص سے بے وقوف بن کر خاتون نے کروڑ پتی شوہر چھوڑ دیا

فرانس کی ایک خاتون نے بریڈ پٹ بن کر فراڈ کرنے والے ایک شخص کے ہاتھوں بے وقوف بن کر اپنے کروڑ پتی شوہر سے طلاق لے لی۔

فرانسیسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 53 سالہ فرانسیسی خاتون این ایک اسکی ٹرپ پر گئی ہوئی تھیں کہ اُنہیں سوشل میڈیا پر ایک پیغام موصول ہوا جس میں پیغام بھیجنے والے نے خود کو بریڈ پٹ کی والدہ جین ایٹا پٹ ظاہر کیا پھر کچھ دیر بعد خاتون کو ایک اور پیغام ملا جس میں پیغام بھیجنے والے نے خود کو پریڈ پٹ ظاہر کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون اور خود کو بریڈ پٹ ظاہر کرنے والے شخص کے درمیان سوشل میڈیا پر آہستہ آہستہ دوستی ہو گئی اور پھر یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔

رپورٹ کے مطابق انتہائی مہارت سے خاتون کو بے وقوف بنانے والے شخص اور خاتون کے درمیان ایک سال تک پیغامات کا تبادلہ ہوتا رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھوکے باز شخص نے اس دوران مسلسل خاتون کو رومانوی نظمیں بھیج کر اور اس سے محبت کے دعوے کر کے رابطے کو قائم رکھا لیکن کبھی بھی کال پر بات نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق جب خاتون نے اس دھوکے باز شخص کے ہاتھوں بے وقوف بن کر اپنے کروڑ پتی شوہر سے طلاق لے لی تو اس دھوکے باز شخص نے خاتون سے کہا کہ اسے گردے کی سرجری کروانے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے اور اپنی بات پر خاتون کو یقین دلانے کے لیے یہ کہانی بنائی کہ اس کے بینک اکاؤنٹس انجلینا جولی کے ساتھ جاری قانونی جنگ کی وجہ سے بلاک کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون نے دھوکے باز شخص کی بنائی ہوئی اس کہانی پر یقین کر لیا اور اس کے اکاؤنٹ میں 8 لاکھ یورو بھیج دیے۔

رپورٹ کے مطابق خاتون اور دھوکے باز شخص کے درمیان رشتہ شادی کی طرف بڑھ رہا تھا لیکن جب خاتون نے ایک خبر میں جیولری ڈیزائنر انیس ڈی رامون کے ساتھ بریڈ پٹ کے تعلقات کے بارے میں پڑھا تو ان کے سامنے اصل کہانی آئی کہ جس شخص کی محبت میں گرفتار ہو کر اُنہوں نے اپنے شوہر سے طلاق لے لی ہے وہ بریڈ پٹ بن کر اُنہیں بے وقوف بنا رہا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حقیقت سامنے آنے کے بعد خاتون کو اتنا گہرا صدمہ ہوا کہ وہ ڈپریشن میں چلی گئیں اور ان کی حالت اتنی سنجیدہ ہو گئی کہ انہیں اسپتال میں داخل کروانا پڑا، سچائی سامنے آنے کے بعد انہوں نے معاملے کی اطلاع پولیس کو بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں