رمضان المبارک میں سپلائی کے لئے تیار کی جانے والی جعلی ڈرنکس پکڑی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مومن پورہ میں گرینڈ آپریشن کیا، اس دوران 300 لٹر تیار محلول تلف، مقدمہ درج کر لیا، موٹر، مکسر، فلنگ مشینیں، ڈھکن اور کریٹ بھی ضبط کر لئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر یونٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، یونٹ میں مختلف برانڈز کی جعلی ڈرنکس کی تیاری کی جا رہی تھی۔
علاوہ ازیں بغیر منظور شدہ فارمولا کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھی، یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، خام مال کھلا زمین پر رکھا گیا تھا، جعلی محلول قوانین کے خلاف نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا خوراک کا کاروبار بغیر فوڈ اتھارٹی لائسنس چھپ کر کیا جا رہا تھا، ٹیم نے ریکی کر کے جعلی یونٹ کا پتہ لگایا، جعلی کولڈ ڈرنکس کا استعمال گردے اور جگر کو متاثر کر سکتا ہے، خوراک کے نام پر جعلی کاروبار کرنے والوں کو ہر صورت پنجاب سے نکال بھگائیں گے۔