فٹبال میچ دیکھنے کیلئے نوجوان سائیکل پر منگولیا سے برطانیہ پہنچ گیا

کھیل کا جنون پرستار کو اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو کھیلتا دیکھنے کےلیے اپنے شہر سے دوسرے شہر سفر کرنے پر مجبور کردیتا ہے۔

فینز اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے میچز دیکھنے کےلیے اسٹیڈیمز کا رُخ کرتے ہیں۔ انکے لیے نعرے لگاتے ہیں اور اپنے جوش و خروش سے ماحول کو پُرجوش بنا دیتے ہیں۔

موجودہ دور میں ذرائع آمد و رفت انتہائی تیز ہوچکے ہیں جن کی مدد سے پرستار ایک جگہ سے دوسرے جگہ تیزی سے پہنچ جاتے ہیں۔

تاہم منگولیا کے ایک فٹبال شائق نے ہوائی جہاز، ٹرین یا گاڑی پر نہیں بلکہ سائیکل پر فٹبال میچ دیکھنے کےلیے جانے کا فیصلہ کیا۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس شائق نے منگولیا سے سائیکل پر برطانیہ جانے کا فیصلہ کیا اور وہ اس میں کامیاب رہا۔

اپنے اس طویل سفر کے بارے میں بتاتے ہوئے فٹبال شائق اوچروانی ’اوچرو‘ باتبولڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا، ’میں نے منگولیا سے مانچسٹر تک سائیکل پر سفر کیا تاکہ اولڈ ٹریفورڈ میں اپنا پہلا میچ دیکھ سکوں۔‘

انہوں نے کہا، ’یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے کتنا پیار کرتا ہوں۔ آج میں نے اپنے بچپن کا وعدہ پورا کیا اور اپنی والدہ کو میچ دکھانے لے گیا۔ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، میری اس ٹیم کےلیے محبت غیر متزلزل ہے۔‘

ادھر پریمیئر لیگ کا کہنا ہے کہ مئی 2023 میں اوچروانی ’اوچرو‘ باتبولڈ نے منگولیا سے 14 ہزار کلومیٹر کا سفر شروع کیا تاکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹیڈیم اولڈ ٹریفورڈ پہنچ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں