پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل رحمٰن نے اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
58 سالہ فیصل رحمٰن نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے زندگی میں کبھی بھی کسی سے محبت نہیں ہوئی۔
اداکار نے مزید بتایا کہ زندگی میں کئی لوگوں کے قریب ہوا اور شادی کرنے کا فیصلہ بھی کیا لیکن شادی ہو نہیں سکی۔
اُنہوں نے شادی نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے وعدے کرنے سے ڈر لگتا ہے اس لیے میں ہر بار شادی کرنے کا ارادہ ترک کر دیتا ہوں۔
فیصل رحمٰن نے کہا کہ میرے خیال میں سارے مرد ہی اس طرح کے وعدے کرنے سے ڈرتے ہیں لیکن معاشرے کے دباؤ اور اپنے عدم تحفظ کی وجہ سے شادی کرلیتے ہیں کیونکہ اُنہیں لگتا ہے کہ زندگی میں کسی ساتھی کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ اگر ہم اچھی طرح خود کو پہچان لیں تو ہمیں زندگی میں کسی کے ساتھ کی ضرورت نہیں ہے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ دو لوگ صرف اس صورت میں ایک دوسرے کے ساتھ چل سکتے ہیں اگر وہ ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھ جائیں اور دونوں ایک ہی جیسی خصوصیات کے حامل ہوں۔