فیک معلومات پھیلانے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ بھچر صاحب! تحریک انصاف کے آفیشل پیج سے طلباءکو اشتعال کی ترغیب دی گئی۔ملک احمد خان بھچر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انصاف اسٹوڈنٹ ونگ کے لوگ مار دھاڑ اور جلاو گھیراو میں ملوث پائے گئے ہیں، بھچر صاحب آپ اتنے سیدھے اور بھولے بھالے نہیں جتنے بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انصاف اسٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیدار خود طلباءکو اشتعال دلاتے رہے ہیں، میڈیا کا زمانہ ہے اور ویڈیو موجود ہیں، آپ کی جماعت نے پلاننگ کے تحت ایک بچی اور اس کے خاندان کی عزت اچھالی۔انہوں نے کہا کہ بہن بیٹیوں کے خلاف گھٹیا پروپیگنڈے کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے، تحریک انصاف کے اس پروپیگنڈے کا شکار مریم نواز اور میں خود متعدد بار ہو چکے ہیں، ایک جماعت کی گھٹیا مہم کے بعد طلبہ کو احتجاج کے لیے نکالا گیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ پولیس امن و مان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے خبردار کیا کہ کسی کو پنجاب میں امن و امان خراب کرنے یا اشتعال پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جن لوگوں نے اس سارے معاملے میں پروپیگنڈا کیا اورفیک معلومات پھیلائی ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا چاہے ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں