مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 5 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔سرچ آپریشن کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروسز معطل کردی گئیں جب کہ ایمبولینسوں کو بھی علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔قابض بھارت فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کو دینے کے بجائے پولیس کے سپرد کردیں۔ ورثا اپنے پیاروں کی لاشوں کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے شہید ہونے والے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ظاہر کیا۔
اہل علاقہ نے اس انسانیت سوز واقعے پر بھارتی فوج اور مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی۔