لاہور ، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سلیکشن کمیٹی ایک بار پھر تبدیل کردی، سلیکشن کمیٹی کی تعداد 7 سے کم کرکے صرف 5 ارکان تک محدود کردی گئی۔
بورڈنے 5 سلیکٹرز کو ہی مکمل طور پر با اختیار بناتے ہوئے پلینگ الیون منتخب کرنے کا حق بھی سونپ دیا ہے، کپتان اور ہیڈ کوچ کو 15 رکنی ٹیم کےساتھ پلینگ الیون منتخب کرنے کے حوالے سے ووٹنگ رائٹس سے بھی محروم کرکے ان کے ہاتھ باندھ دیئے ہیں۔عاقب جاوید، علیم ڈار، اظہر علی، اسد شفیق اور حسن چیمہ کو پہلی بار تمام اختیارات سونپ دیئے ہیں۔
15 رکنی ٹیم میں کس کو شامل ہونا چاہیے، اس کا فیصلہ اب یہ پانچوں سلیکٹرز ہی کریں گے۔ کس میچ میں کون سی پلینگ الیون کھیلے گی، یہ فیصلہ بھی اب یہ پانچ سلیکٹرز ہی کریں گے تاہم پندرہ رکنی ٹیموں کے ساتھ 11 ارکان کے انتخاب کے وقت عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، اسد شفیق اور حسن چیمہ ٹیم کپتان اور ہیڈکوچ کے ساتھ مشاورت کے ضرور پابند ہوں گے۔سلیکٹرز ٹیم انتظامیہ کی رائے ضرور لیں گے تاہم فیصلہ سازی کا مکمل اختیار ان کا اپنا ہوگا۔
پی سی بی نے نئے سلیکٹرز کے چناو¿ کے وقت پہلی بار اپنی ویب سائٹ پر جو سلیکشن کمیٹی اپ ڈیٹ کی تھی، اس میں علیم ڈار، عاقب جاوید،اسد شفیق، اظہر علی اور حسن چیمہ کے ساتھ ایکس آفیسو اور نان ووٹنگ رائٹس ممبر کے طورپراسسٹنٹ کوچ اظہر محمود، ایڈوائزر ٹو چیئرمین بلال افضل،ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان،ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز عثمان واہلہ شامل تھے۔
2 گھنٹے بعد اس کو مزید اپ ڈیٹ کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی ارکان میں کپتان اور ہیڈکوچ کا بھی بطور ووٹنگ ممبر اضافہ کردیا۔ اب تیسری بار اس میں تبدیلی کرتے ہوئے کپتان اور ہیڈکوچ کے ساتھ نان ووٹنگ ارکان اظہر محمود، ندیم خان، بلال افضل اور عثمان واہلہ کو فارغ کردیا ہے۔