لاہور میں سموگ کا راج کیوں ہے ، عظمیٰ بخاری نے وجہ بتادی

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں سموگ عروج پر ہے، بھارتی فضائی آلودگی کے اثرات لاہور پر آرہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بھارت فضائی آلودگی کواس طرح کنٹرول نہیں کررہا جس طرح کرنا چاہیے ،ہم فضاؤں کوکنٹرول نہیں کرسکتے ، مریم نواز جلد بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کوخط لکھیں گی، طلبہ کوچھٹیاں دینے کاابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
گزشتہ روز بلوچستان میں سکول پر ہونے والی دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں کی سختی سے مذمت کرتی ہوں، تمام زخمی بچوں کیلئے ایک ماں کی طرح دعا کرتی ہوں، دہشتگردوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، دہشت گردوں کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، دہشتگردوں کو واپس پاکستان لاکر بسایا گیا۔
پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جلد مینارٹی کارڈ بھی متعارف کروائیں گی، مریم نواز نے دیوالی کو ایسے منایا جیسے ان کی اپنی تقریب ہے، ایئر ایمبولینس شروع کی گئی تو بہت پراپیگنڈا کیا گیا، ایئر ایمبولینس مریضوں کو بالکل مفت شفٹ کرتی ہے، ایک مریض نے بڑے خلوص کے ساتھ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر کے اندر بہت جدت آگئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کسان کارڈ اور گرین ٹریکٹر سکیم کا آغاز کیا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہی پہلے بھی گرین ٹریکٹرز سکیم شروع کی تھی، سکیم کے تحت ساڑھے 7لاکھ کسانوں کو ٹریکٹر ملیں گے، حافظ آباد میں ٹریکٹر سکیم کو لانچ کیاگیا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 4اضلاع کے اندر ایگریکلچر مالز بنائے جائیں گے، ایک ہزار سپر سیڈرز تقسیم ہوچکے ہیں، اس سال5 ہزار سپر سیڈرز تقسیم کیے جائیں گے، سپر سیڈرز کے اند فصلوں کی باقیات کو جلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، پہلے کبھی کسی نے کسانوں کیلئے کام نہیں کیا، کسان کل تک 10ارب روپے سے زائد کی خریداری کرچکے ہیں۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کی ہمیشہ لاشوں کی تیاری رہتی ہے، کسان کے نام پر الیکشن لڑ لینا یہ بڑا آسان ہے، یہ لوگ نابینا افراد،کسانوں کی جعلی آواز بن کر سیاست کرتے ہیں، بچیوں کی عزت تار تارکرانے کا مشن پورا نہ ہونے پر پراپیگنڈا کرتے ہیں، کسانوں کے نام پر پی ٹی آئی ٹکٹ پر الیکشن لڑنا اور بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہی غلام ہیں پی ٹی آئی کا یہ سلوگن جلد آرہاہے، ان کا کہنا ہے ٹرمپ ہی آکر ہماری مدد کریں گے، ٹرمپ کا پاکستان کے اندرونی معاملات میں کیا لینا دینا ہے؟ بانی پی ٹی آئی کی محبت میں عالمی لابیز پیسہ خرچ کررہی ہیں، بانی پی ٹی آئی 2014 کے دھرنے میں بھی 3 لاکھ لوگ نہیں لاسکے، ان کا مقصد ملک میں فساد اور افراتفری پیدا کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں