ایران نے لبنان میں ہونے والے پیجرز دھماکوں کے بعد تمام پروازوں پر پیجرز اور واکی ٹاکیز پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان جعفر یازرلو نے کہا کہ دوران پرواز موبائل فونز کے علاوہ کوئی بھی الیکٹرانک مواصلاتی ڈیوائس ممنوع قرار دی گئی ہے۔خیال رہے کہ 17 اور 18 ستمبر کو لبنان میں پیجرز دھماکے ہوئے تھے جس میں 39 افراد جاں بحق اور تقریباً 3 ہزار لوگ زخمی ہوئے تھے۔
پیجرز دھماکوں کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا تھا، زخمیوں میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی شامل تھے۔یاد رہے کہ اس ماہ کے شروع میں دبئی کی ایئر لائن نے بھی اپنے طیاروں میں پیجرز اور واکی ٹاکیز پر پابندی عائد کر دی تھی۔