ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے الیکٹرک وہیکلز جیسے اقدامات سود مند ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آلودگی کو کم کرنے کیلئے الیکٹرک وہیکلز جیسے اقدامات سود مند ہیں، اس سے ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی ہوگی۔
اسلام آباد میں الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر تشویش پائی جاتی ہے، روایتی ایندھن کی گاڑیوں کے بجائے ماحول دوست توانائی کی حامل الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دیکر آلودگی میں کمی لائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت 70 روپے سے کم کر کے 40 روپے یونٹ کرنا خوش آئند ہے، 30 روپے کی کمی بہت قابل تعریف ہے، اس سے یقیناً سرمایہ کاروں کو حوصلہ ملے گا، اس کلچر کو تیزی سے فروغ دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحول دوست منصوبے اس حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، باکو میں کوپ 29 کے انعقاد کے دوران بھی دنیا کو درپیش کلائمیٹ چینج کے معاملے پر غور کیا گیا اور کئی اقدامات تجویز کئے گئے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی وزارت توانائی الیکٹرک وہیکلز کیلئے چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھائے، الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دیا جائے گا تو پاکستان کے خزانے پر امپورٹڈ ایندھن کی وجہ سے پڑنے والا زرمبادلہ کا دباؤ کم ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے الیکٹرک وہیکلز کے کلچر کو فروغ دینا مشکل تھا، تاہم وزارت توانائی نے چارجنگ سٹیشنز کیلئے قیمتوں میں 45 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، میں وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں