مریض بچوں کو گھر کی دہلیز پرانسولین مہیا کی جائے گی : مریم نواز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھرمیں ”چیف منسٹر انسولین“پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولتوں میں بہتری کے لیے بی ایچ یوز کو مریم نواز ہیلتھ کلینک کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہیلتھ سٹاف کے لئے پرفارمنس مینجمنٹ فریم ورک تشکیل دینے اور کارکردگی جانچنے کیلئے”کے پی آئی“ بنانے کی منظوری دے دی۔ میانوالی، جھنگ،لیہ،اٹک اور جہلم کے ہسپتالوں میں کیتھ لیب قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی۔ مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی کارڈ بھی بنائے جائیں گے۔ حکومت کی منظور شدہ کمپنی کولڈ چین اور دیگر ایس او پیز کے مطابق انسولین فراہم کرے گی۔ لاہور سمیت 3 اضلاع میں چیف منسٹر انسولین فار آل پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ ذیابیطس ٹائپ ون کے مریض مخصوص ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے۔

سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ،مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی،ایم پی اے ثانیہ عاشق، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹریز ہیلتھ، فنانس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں