مریم نواز سے اطالوی سفیر کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری پراتفاق

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اٹلی کی سفیرماریلنا ارمیلن نے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اٹلی کو چکوال میں زیتون کی کاشت مزید بڑھانے کی پیش کش کی، پنجاب میں لائیو سٹاک اور ڈیری پراجیکٹ میں اٹالین انویسٹمنٹ پر اتفاق ہوا، اطالوی سفیر نے پنجاب میں عوامی فلاحی منصوبوں کو متاثر کن قرار دیا۔
دونوں رہنماو¿ں کے درمیان سیاحت، ٹیکسٹائل، لیدر، ماربل، کارپٹس اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کے حوالے سے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی، اٹلی کی سفیرماریلنا ارمیلن لاہوریوں کی زندہ دلی اور میزبانی کی بھی معترف نکلیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اٹلی کے باہمی ربط کو سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے، اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں انہیں ہر ممکن سہولت دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید اشتراک بڑھانا چاہتی ہے، تجارت بڑھانے کے لئے ورک ویزا میں آسانی اور ٹریڈ کمیشن کا فعال کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
اطالوی سفیر ماریلنا ارمیلن نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر لاہور آنا بہت اچھا لگا، منفی امیج کے جھوٹے پراپیگنڈے کے بالکل برعکس پاکستان شاندار ملک ہے، باہمی تجارت بڑھانے کے لئے ٹریڈ کمیشن نے کام کا آغاز کر دیا ہے، ورک ویزا میں آسانی لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، ثقافت، سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں