لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 16دن رہ گئے، راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی، ہمارا جو بھی لائحہ عمل ہوا پھر شہباز شریف اس کی شکایت نہ کریں۔
گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور ممبرشپ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور آئی پی پیز کا بوجھ اب عوام نہیں اٹھائیں گے، ہم قوم کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں، ہمارے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے کا سوچیے گا بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ تین دن کی ہڑتال پر تاجروں سے مشاورت جاری ہے،پورا ملک بند، پہیہ بھی جام ہو گا، پنجاب میں جو بھی ریلیف ملا کریڈٹ جماعت اسلامی کا ہے، بجلی کی اصل لاگت کا تعین کر کے دوماہ کے لیے نہیں پورے پاکستان میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے، حکمران اپنی مراعات اور عیاشیاں کم کریں۔