پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی خاتون صحافی سے تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل پر وائرل ہوگئی۔
اپنے تنازعات اور غیر متوقع رویے کیلئے مشہور پاکستانی اداکار فیروز خان ایک بار پھر سے سرخیوں کی زینت بن گئے، لاہور میں انہیں ایک پریس کانفرنس میں شرکت کرنی تھی تاہم وہ مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچے۔
دیر سے پریس کانفرنس شروع ہونے پر لاہور سے تعلق رکھنے والی خاتون صحافی نے اداکار فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
خاتون نے کہا کہ میڈیا کو سختی سے تین بجے پہنچنے کی تاکید کی گئی تھی اور سب وقت پر موجود تھے مگر فیروز خان کی دیر سے آمد کی وجہ سے مین اسٹریم میڈیا کے بیشتر نمائندے جاچکے ہیں۔
خاتون صحافی کا مزید کہنا تھا کہ فنکاروں کو شہرت اللّٰہ کے کرم کے ساتھ ساتھ مداحوں اور میڈیا کی سپورٹ سے ملتی ہے، جس پر اداکار فیروز خان نے مداخلت کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا میڈیا اسٹار بناتا ہے؟، میڈیا تو پچھلے تین سال سے میرے پیچھے پڑا ہوا ہے۔
صحافی نے اپنا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ فینز اسٹار بناتے ہیں لیکن میڈیا ہی فنکاروں کو سپورٹ اور پروموٹ کرتا ہے، مگر یہاں موجود افراد پچھلے ڈھائی گھنٹے سے آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔
جواب میں فیروز خان نے تاخیر کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’’میرے گھر میں گرم پانی نہیں آ رہا تھا‘‘، جس پر خاتون صحافی نے اس جواز کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں، اور کسی کو اتنی دیر انتظار کروانا ایک غیر پیشہ ورانہ رویہ ہے۔