ملزم نے سیف پر حملہ خود کو چھڑوانے کیلئے کیا تھا، پولیس حکام

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم سے متعلق یہ انکشاف ہوا ہے کہ اس نے اداکار سے اپنے آپ کو چھڑوانے کےلیے ان پر حملہ کیا۔

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کرنے والے بنگلادیشی شہری نے پولیس کو بتایا کہ اس نے خود کو اداکار کی مضبوط گرفت سے آزاد کروانے کے لیے ان کی پیٹھ پر متعدد وار کیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے منگل کے روز اس بات کی تصدیق بھی کردی۔ پولیس حکام نے یہ بھی بتایا کہ حملے کے بعد ملزم اداکار کے باندرا کے اپارٹمنٹ سے فرار ہو کر عمارت کے باغیچے میں تقریباً دو گھنٹے تک چھپا رہا۔

سیف علی خان کو حملے میں متعدد چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی ایمرجنسی سرجری کی گئی۔ ڈاکٹروں نے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے ایک تیز دھار چیز بھی نکالی۔

پولیس اہلکار نے بتایا، ’ملزم چوری کی نیت سے باتھ روم کی کھڑکی کے ذریعے اداکار کے اپارٹمنٹ میں داخل ہوا۔ جیسے ہی وہ گھر میں داخل ہوا، اداکار کے عملے نے اسے دیکھ لیا اور اس سے بحث شروع کردی۔ جلد ہی سیف علی خان وہاں پہنچے اور خطرہ بھانپتے ہوئے ملزم کو سامنے سے مضبوطی سے پکڑ لیا۔‘

حکام کے مطابق ’چونکہ ملزم کو حرکت کرنے کا موقع نہیں ملا، اس نے اداکار کی گرفت سے آزاد ہونے کےلیے ان کی پیٹھ پر چاقو کے وار کرنا شروع کردیے۔ سیف علی خان حملے میں زخمی ہوگئے، جس کے بعد ملزم ان کی گرفت سے آزاد ہونے میں کامیاب ہوگیا۔‘
افسر نے کہا، ’بعد میں سیف نے اپنے اپارٹمنٹ کا مرکزی دروازہ بند کردیا، یہ سوچ کر کہ حملہ آور ابھی بھی اندر ہے۔ تاہم افسر نے بتایا کہ ملزم اسی راستے سے فرار ہو گیا جس راستے سے وہ آیا تھا۔‘

پولیس نے اتوار کو ملزم شریف الاسلام المعروف وجے داس کو تھانے شہر سے گرفتار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں