اسلام آباد:ملک بھر میں سردی کی شدت بڑھ گئی جب کہ بلوچستان میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔موسمیاتی ذرائع کے مطابق دسمبر کے آخری ہفتے میں ملک بھر میں موسم کی شدت مزید بڑھ گئی، جس کے بعد اسکردو میں درجہ حرارت منفی 9 جب کہ بلوچستان کے شہر زیارت میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح قلات میں منفی 5 اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی درجہ حرارت منفی 5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت 4، کراچی میں 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ، پشاور میں 1 اور لاہور میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد و خشک پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں ، خاص کر چارسدہ، مردان ، نوشہرہ اور صوابی میں بعض مقامات پر رات یا صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔
پشاور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کالام، دیر بالا کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 4، پاراچنار منفی 3، سیدو شریف سوات، تیمرگرہ، دیر لوئر، چترال لوئر ،مالم جبہ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔اُدھر بالاکوٹ اور رسالپور میں منفی ایک ،تخت بھائی اور کاکول کا کم سے کم درجہ حرارت صفر تک گر گیا۔
بلوچستان
صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح زیارت میں منفی 11، ژوب میں منفی 4 ،سبی میں 5، تربت میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
اُدھر نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 2 اور چمن میں منفی ایک، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور جیوانی میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
کراچی
شہر قائد میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافے کے سبب گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت مزید 1.4 ڈگری گر گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج تیسرے روز بھی معمول سے تیز سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، ہواؤں کی سمت دیہی سندھ کی جانب سے ہے جبکہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران سمت بلوچستان کی جانب سے ہونے کی توقع ہے۔
شہر میں اس وقت ہواؤں کی رفتار14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہو رہی ہیں جبکہ دن بھر ہواؤں کی رفتار معمول سے تیز 20 ناٹیکل مائلز (36 کلومیٹر) فی گھنٹہ تک تجاوز کرسکتی ہیں۔
کراچی میں آج صبح کم سے کم پارہ 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ جناح ٹرمینل پر کم سے کم درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں 8.8 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ دیہی سندھ کے موہنجودڑو میں پارہ 3 اور سکھر میں 4 ڈگری ریکارڈ ہوا۔