مورنگاڈینگی کے خدشہ کو 99 فیصدتک کم کر سکتا ہے،زرعی ماہرین

فیصل آباد(اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زیادہ عمر کے افراد اور بچوں میں خوراک جبکہ خواتین میں خون کی کمی کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے کرشماتی پودے مورنگا(سوہانجنا) کو ان کی خوراک کا لازمی حصہ بنانا انتہائی ضروری ہے جبکہ انسانی صحت کے حوالے سے بیش بہا خوبیوں اور نیوٹریشن، وٹامن اے، وٹامن سی اور کیلشیم کی بھرپورمقدار کے حامل مورنگاکو امریکی سائنسی ادارہ ناسا نے 21ویں صدی کا پودا قرار دے رکھا ہے نیز مورنگاکے عرق سے ڈینگی کا باعث بننے والے مچھر اجپٹائی کی افزائش اور ڈینگی کے خدشے کو 99فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مورنگا کو انسانی خوراک کا ضروری حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ قدرت نے اس کرشماتی پودے میں کینوسے7گنا زیادہ وٹامن سی، گاجر سے4گنا زائد وٹامن اے، دودھ سے4 گنا زائد کیلشیم رکھا ہے جو بڑھتے ہوئے بچوں کی افزائش میں اضافہ، خواتین میں خون کی کمی، بڑھاپے کے اثرات کو کم کرنے اور توانائی سے بھرپور زندگی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایاکہ مورنگا کے بیجوں کو آلودہ پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے بھی ترجیحی طور پر استعمال کیاجاسکتا ہے، اس کے علاوہ انہی بیجوں کو بائیوفیول کے طور پر استعمال کرکے ایندھن کی کمی کا خاتمہ بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر موسم بہار کی شجرکاری میں مورنگاکے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ضرورت پر بھی زور دیا کیونکہ اس میں کینسر، ہیپاٹائٹس اورایڈز کے خلاف بھرپور قوت مدافعت موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں