بھارت :ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا (اے ایف آئی) نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال ایک بین الاقوامی جیولین ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوگا، جس میں دنیا کے 10 بہترین جیولین تھرورز کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
بھارت کے معروف ایتھلیٹ اور دو بار کے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا بھی اس ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کو مدعو کریں گے۔ اگر پاکستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو مدعو کیا جاتا ہے تو دونوں عالمی شہرت یافتہ تھرورز کے درمیان ایک شاندار مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ نیرج چوپڑا سلور میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ ممکنہ طور پر یہ مقابلہ جیولین کے شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوگا۔
یہ ٹورنامنٹ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے بعد منعقد ہوگا، جو 13 سے 21 ستمبر 2025 کو ٹوکیو میں شیڈول ہے۔ کیا ارشد ندیم بھارت جا کر اس ایونٹ میں حصہ لیں گے؟ یہ سوال کھلاڑیوں کے مداحوں کے درمیان دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے۔