وزیراعظم کی تاجکستان، بیلا روس، کرغزستان، ترکمانستان، قازقستان کے رہنماؤں سے ملاقاتیں

وزیر اعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان، بیلاروس، کرغزستان، ترکمانستان اور قازقستان کے رہنماؤں نے ملاقات کی جس کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم سے تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ نے دوطرفہ ملاقات کی، ملاقات میں شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے سالانہ اجلاس میں تاجکستان کی فعال اور تعمیری شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور برادر ممالک اور علاقائی شراکت دار، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچاتے ہوئے قاہر رسول زادہ نے کہا کہ تاجکستان اور پاکستان کے درمیان تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے مستفید ہونے کے لیے تاجکستان، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔اس کے علاوہ بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولو و چینکو سے ملاقات میں وزیراعظم نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری، مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی اور ’شنگھائی اسپرٹ‘ کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری، مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

رومن گولوو چینکو نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ وزیر اعظم سے جمہوریہ کرغزستان کی وزرا کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، عوامی و علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔شہباز شریف سے ترکمانستان کے وزرا کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ امور راشد میریدوف کی ملاقات میں وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کی مکمل استعداد بالخصوص تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ترکمانستان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے دونوں فریقین کی طرف سے دوطرفہ تعاون کی مکمل استعداد بالخصوص تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے جمہوریہ قازقستان کے وزیر اعظم اولزہاس بیکوتینوونے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے تنظیم کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور علاقائی روابط اور سلامتی کے لئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم پاکستان نے دو طرفہ شراکت داری کے ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے باقاعدہ اور اعلیٰ سطح کے رابطوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے زراعت اور تجارت کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس جلد از جلد بلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

قازقستان کے وزیر اعظم نے علاقائی روابط، تجارت اور ترقی کو بڑھانے کے لیے قازقستان کے بطور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن اور دو طرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ قازقستان، پاکستان کو جنوبی ایشیا میں ایک بڑے تجارتی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ملاقات کرنے والے رہنماؤں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور وفود کے پرتپاک استقبال، بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں