پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔وزیر اعلیٰ نے وفاق کی جانب سے تشکیل دی گئی سٹیئرنگ کمیٹی پر خط لکھا ہے، خط میں وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع کے آئے آئی پی فنڈز سے متعلق تشکیل دی گئی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے خط میں کہا کہ 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت فاٹا خیبرپختونخوا میں ضم ہوا ہے، آئین کے مطابق ضم شدہ اضلاع کے تمام انتظامی اختیارات خیبر پختونخوا حکومت کے پاس ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن نہ صرف آئین کی خلاف ورزی ہے بلکہ صوبائی حکومت کے اختیار کی نفی بھی ہے، وفاقی حکومت متنازعہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن واپس لے۔
علی امین گنڈاپور نے خط میں کہا کہ اپنے آئینی حقوق کیلئے صوبائی حکومت عدالت سے رجوع کر سکتی ہے، وزیر اعلیٰ نے خط میں وفاق کی جانب سے جاری فنڈز کا بھی تفصیلی ذکر کیا ہے۔