وزیر کھیل سندھ کا قیدیوں اور پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈرز کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کا اعلان

وزیر کھیل سندھ سردار بخش مہر نے جیل میں قیدیوں کیلئے اور پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈرز کےلیے بھی کھیلوں کے مقابلے کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال کا نعرہ ’کھیل سب کیلئے‘ ہے۔

قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں میڈلز جیتنے والے سندھ کے کھلاڑیوں کو ایوارڈز دینے کی تقریب یوتھ کلب کراچی میں ہوئی جس میں صوبائی وزیر کھیل سردار بخش مہر نے شرکت کی۔

بین الصوبائی گیمز میں سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور مجموعی طور پر 79 میڈلز جیتے تھے۔ 15 کھیلوں کے 26 ڈسپلن میں سندھ کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے 16 گولڈ 28 سلور اور 45 برانز میڈلز حاصل کیے۔
محکمہ کھیل کی جانب سے بطور پذیرائی صوبے کےلیے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو ایک لاکھ، چاندی کا تمغہ جیتنے والوں کو 75 ہزار اور برانز میڈل اپنے نام کرنے والے ایتھلیٹ کو 50 ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کھیل محمد بخش خان مہر نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کی علامت ہوتے ہیں۔

اس دوران صوبائی وزیر کھیل نے سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کےلیے بھی کھیلوں کے انعقاد کا اعلان کیا جبکہ پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈرز کےلیے بھی کھیلوں کے مقابلے کروانے کا اعلان کیا۔ انکا کہنا تھا کہ رواں سال کا نعرہ ’کھیل سب کیلئے‘ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں