بنتِ مریم :
موسم سرما میں زیادہ ترخواتین ،سویٹرز، کارڈینز یا شالیں ہی منتخب کرتی ہیں لیکن اگر آپ فیشن کی دلدادہ ہیں تو یقیناً کوٹ اور جیکٹس بھی آپ کی وارڈروب کا لازمی حصہ ہوں گے۔ مناسب تراش خراش کے کوٹ اور جیکٹ آپ کی شخصیت کو بہت فیشن ایبل لُک دے سکتے ہیں اور انہیں آپ کسی بھی انداز کے لباس کے ساتھ کیری کر سکتی ہیں۔آج ہم کچھ ایسے ہی ٹرینڈی انداز لے کر آئے ہیں جن سے اپ اپنی ونٹر لُک کو چار چاند لگا سکتی ہیں۔
ٹرینچ کوٹ
یہ لانگ کوٹ کا ایک انداز ہے جو آپ کے گھٹنوں تک پہنچتا ہے ، ٹرینچ کوٹ بہت سے مختلف فیبرکس اور میٹریلز میں دستیاب ہیں۔ اس قسم کا کوٹ نہ صرف آپ کو سردی سے بچاتا ہے بلکہ جاذب نظر شخصیت بھی بناتا ہے۔
اوور کوٹ
یہ کچھ ایسے گرم کپڑے ہیں جنہیں پہن کر آپ ہر لباس میں اچھے لگ سکتے ہیں۔ اگر آپ کسی مغربی یا سرد ملک میں ہیں تو آپ کے پاس یہ ہونا ضروری ہے۔
ایوننگ کوٹ
یہ لانگ کوٹ کا ایک انداز ہے جسے شام کی تقریبات کے لیے خاص طور پر فیشن ایبل انداز میں بنایا جاتا ہے۔سردیوں میں آنےوالی شادیوں میں پہننے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
ڈینم جیکٹ
یہ اس قسم کی جیکٹ ہے جو کبھی بھی فیشن سے آوٹ نہیں ہوتی۔ چاہے آپ کالج جائیں یا یونیورسٹی، یا پھر دوستوں کے ساتھ باہر گھومنے پھرنے ۔ایک کیوژل لُک کے ساتھ دلکش انداز میںیہ سٹائل ٹین ایجرز کی اولین پسند ہے۔
بومبر جیکٹ
یہ جیکٹس خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ہیں جو بہت فیشن ایبل ہیں۔ آپ اسے کالج میں پہن سکتی ہیں، یا اسے کسی بھی لباس کے ساتھ استعمال کر سکتے ہیں۔ جدید تراش خراش کے لباس پر یہ جیکٹ بہت خوبصورت لگتی ہے۔
لیدر جیکٹ
ٹیکساس کے سٹریٹ اسٹائل کے لیے آپ کے دل میں تھوڑی سی جگہ بھی ہے تو آپ کو چمڑے کی جیکٹ ضرور استعمال کرنی چاہیے۔ اس
جیکٹ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ نہ صرف آپ کے جسم کو گرم رکھتی ہے بلکہ آپ کو اوس یا پانی سے بھی بچاتی ہے۔
کوائلٹڈ جیکٹ
اس قسم کی جیکٹ سردیوں کے لیے بہت اچھی ہے، یہ زیادہ تر اس وقت استعمال ہوتی ہیں جب چمڑے کی جیکٹ آپ کو سردی سے بچانے کے لیے کافی نہیں ہوتی۔ ان کی نرم گرماہٹ کی وجہ سے انہیں موسم سرما کا بہترین انتخاب قرار دیا جا سکتا ہے۔اس میں بے شمار ورائٹی دستیاب ہے۔
اگر آپ کا جسم فربہ نہیں تو فر اور پفی جیکٹس بھی آپ پر جچیں گی۔